عرفان ملک: آئل مارکیٹنگ کمپینز ، اوگرا کے گرد ایف آئی اے کا گھیر اتنگ ہونے لگا۔ فوسل انرجی، عاسکرآئل کیخلاف مقدمات درج، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئل عمران ابڑو کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اوگرا افسران نےغیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس جاری کئے جبکہ وزارت توانائی کےافسران نے ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ جاری کیا۔ ایف آئی اے لاہور نے جون 2020 میں پیدا ہونے والے پٹرولیم بحران پر وفاقی حکومت کی جانب سے احکامات پر انکوائری کے بعد فوسل انرجی اور عاسکر آئل (پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیز) پر مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سےایف آئی اے لاہور نے CEO فوسل انرجی ندیم بٹ، اوگرا کےممبر گیس عامر نسیم، ممبر آئل عبداللہ ملک اور منسٹری آف انرجی و پٹرولیم کے ڈی جی آئل شفیع اللہ آفرید ی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئل عمران ابڑو کو گرفتار کرلیا۔ اوگرا کے افسران نے غیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس جاری کئے۔ منسٹری آف انرجی و پٹرولیم ڈویژن کے افسران نے ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ جاری کیا۔
پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیز نے اوگرا کی اشیر آباد سے منظور شدہ پیٹرول پمپس سے زیادہ غیر قانونی پیٹرول پمپس کا ملک بھر میں جال بچھا دیا۔ ملزمان کے خلاف باہمی ملی بھگت سے غیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس، ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ اور غیر قانونی پیٹرولیم امپورٹس کی خریدوفروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانےاور اس سے کمائے جانے والے اربوں روپے کے ناجائز دھن کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔