مہنگائی کی شرح میں 1.23 فیصد مزید اضافہ

30 Oct, 2021 | 09:12 AM

Ibrar Ahmad

 ویب ڈیسک : ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.23 فیصد مزید اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 14.31 فیصد ہوگئی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں انڈے 5 روپے 38 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے جبکہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت اوسط 2 روپے 76 پیسے بڑھی اور آٹا، گھی، دال ماش، دال مسور،  دال چنا اور مٹن بھی مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ بجلی چارجز  19 پیسے فی یونٹ بڑھ گئے  جس کے بعد بجلی چارجز  6.38 سے 6.57 روپے فی یونٹ ہوگئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر اوسط 10 روپے  71 پیسے فی کلو، آلو کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے فی کلو اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 90 روپے  31 پیسے مہنگا ہوا۔ 

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 4 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں پیاز 2 روپے 74 پیسے سستا ہوا جبکہ دال مونگ اور لہسن کی بھی قیمت کم ہوئی۔
  دوسری جانب حکومت نے نیپرا سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کی ہے اور یہ اضافے کی درخواست کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے کی گئی ہے، بنیادی ٹیرف میں اضافے سے صارفین پر مستقل بوجھ پڑے گا۔

نیپرا وفاقی حکومت کی درخواست پر 2 نومبر کو سماعت کرے گا، ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر سماعت میں جائزہ لیا جائے گا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا جبکہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی اضافے سے مستثنی ہوں گے۔


 
 

مزیدخبریں