(خرم رفیق ) عید میلادالنبی ﷺ پر وزیر اعلیٰ کا لاہوریوں کو تحفہ، پی ایچ اے کی جانب سے پارکوں میں انٹری فیس وصولی کی سمری مستردکر دی، سردار عثمان بزدار کہتے ہیں، پارکس عوام کیلئے سستی تفریح کا ذریعہ ہیں جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کی جانب سے ادارے کی آمدنی بڑھانے کیلئے شہر کے پارکوں میں انٹری فیس وصولی کی منظوری کیلئے بھجوائی گئی سمری کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مسترد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے، پارکس عوام کی سستی تفریح ہیں، شہریوں کیلئے اس سہولت کو ہرگز ختم نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے کی آمدنی متبادل ذرائع سے بڑھائی جائے گی لیکن پارکس پر انٹری فیس ہرگز عائد نہیں ہوگی۔
یاد رہے گزشتہ روز پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے شہر کے اے کلاس پارکوں میں انٹری فیس وصولی کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کی تھی، ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی نے سمری بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد ارسال کی تھی- پی ایچ اے ذرائع کے مطابق سمری میں پی ایچ اے کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے لئے انٹری فیس کو ناگزیر قرار دیا گیا تھا،جس کی وجہ سے وزیراعلیٰ سے پارکوں میں پارکنگ فیس وصول کرنے اجازت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔