(سٹی 42) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سرورِ کونین، رحمت اللعالمین، آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، لاہور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔
جشن آمد رسول اللہ ہی اللہ، بی بی آمنہ کے پھول اللہ ہی اللہ،
جب کہ سرکار تشریف لانے لگے، حور و غلما بھی خوشیاں منانے لگے
سرکار کی آمد مرحبا، دلدار کی آمد مرحبا، سرکار دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن آج دنیا بھرمیں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، شہر شہر قریہ قریہ ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کوچہ کوچہ رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر ہو گئیں، لاہور میں بھی آقائے دو جہاں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، فضا پاک فوج کے جوانوں کے نعروں سے گونج اٹھی ، مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
سکونِ قلب ملا ،لذتِ حیات ملی
درِ حبیب ﷺ ملا تو ساری کائنات ملی
عید میلاد النبیؐ پر مساجد، سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں ،گھر بازار، مارکیٹیں برقی قمقموں اور خوبصورت جھنڈیوں سے سجائی گئیں ہیں۔ گلی محلوں میں بھی خصوصی سجاوٹ ہے، پہاڑیاں، مسجد نبوی کے ماڈلز توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
مصطفٰی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام
شمعِ بزمِ ہدایت پہ لاکھوں سلام
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نبی آخرالزماں حضرت محمدۖ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرور کونین حضرت محمدۖ کی بعثت سسکتی، مرجھائی اور جہالت میں ڈوبی انسانیت کیلئے ابر بہار کی حیثیت رکھتی ہے، محسن انسانیت حضرت محمد ۖ اپنے اعلیٰ کردار کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور حضور کریم ﷺ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔
وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والے
مرادیں غریبوں کی بر لانے والے
انہوں نے کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ۖکی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسنِ انسانیت حضوراقدسۖ کی شفاعت نصیب فرمائے.