( علی اکبر ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس، وزیر اعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اس موقع پر مارچ کے شرکاء کی سکیورٹی اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروبار زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ اجلاس میں فصیلہ کیا گیا جیلوں میں شدید بیمار قیدیوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ شدید بیمار قیدیوں کی فہرست جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے مارچ کے شرکاء کی سکیورٹی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی جبکہ اس موقع پرصوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔