شہبازعلی: لاہور ویسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چیمپئن شپ کے میچز جاری، خرم جمخانہ کرکٹ کلب نے چوبرجی ایگلٹس کرکٹ کلب کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، نوجوان کرکٹرز اور آرگنائزرز نے کرکٹ بحالی کے لیے کلب کرکٹ پر توجہ دینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ میں خرم جمخانہ کی دعوت پر چوبرجی ایگلٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 123 رنز بنائے، ذوالفقار 38 رنز بناکر نمایاں رہے، خرم جمخانہ کے نصیر الحق نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں خرم جمخانہ کرکٹ کلب نے چار وکٹوں پر 124 رنز بناکر میچ میں کامیابی حاصل کرلی، شرافت علی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک نوجوان کرکٹرز نے کلب کرکٹ کو اپنے مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دے دیا۔
سینئر کرکٹ آرگنائزر مبین احمد کا کہنا تھا کہ لاہور کی کلب کرکٹ کی ایک تاریخ تھی مگر بد قسمتی اب کلب کرکٹ کے کوالٹی ٹورنامنٹ ختم ہوچکے ہیں. نوجوان کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سب سے پہلے کلب کرکٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔