علی عباس: بیدیاں روڈ ٹریفک پولیس لائن کی تعمیر کا منصوبہ 9 سال بعد بھی نامکمل، منصوبے کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کا انکشاف، حکومتی ادارے کی مانیٹرنگ رپورٹ نے پبلک بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی غفلت کا پول کھول دیا، رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی۔
ٹریفک پولیس لائن کی تعمیر کا منصوبہ دستاویزات کے مطابق 2009 میں منظور کیا گیا تھا لیکن کام تاحال نامکمل ہے، رپورٹ میں منصوبےکی تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کے استعمال اور تعمیراتی کام بھی غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، منصوبے میں تین دفعہ ترامیم کی گئیں اور 38 کروڑ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا، جب کہ منصوبے سے مسجد اور گارڈ کوارٹر کی تعمیر کا پلان بھی نکال دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ٹھیکداروں نے پراجیکٹ کی تعمیر میں رکاوٹ کا ذمہ حکومت کو ٹھہرا دیا ہے، ٹھیکداروں کا کہنا ہے کہ فنڈز نہیں ملیں گے تو کام مکمل کیسے ہوگا، ان کا مزید کہنا ہے کہ ناقص میٹریل کے استعمال کا الزام بے بنیاد ہے، پراجیکٹ مکمل ہو تو مانیٹرنگ ادارہ میٹریل کا ای سی ایس پی سے ٹیسٹ کرالے۔