ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں پیداوار بڑھانے کیلئے لائیو سٹاک ایمرجنسی لگانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کے لئے فوری پلان طلب کرلیا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لائیوسٹاک کی پیداوار 10 گنا بڑھانے کے لئے 7 روز میں پائیدارحکمت عملی مرتب کی جائے۔ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں پاکستان کے ڈیری پراڈکٹ کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔ یو اے ای کے حالیہ دورے کے دوران لائیوسٹاک پراڈکٹ کی ایکسپورٹ کے بارے میں مذاکرات حوصلہ افزاء رہے۔ پنجاب میں لائیوسٹاک او رڈیری ڈویلپمنٹ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ لائیوسٹاک کے لئے بہترین ویکسین ادویات اورانجکشن وغیرہ بھی فراہم کئے جائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے وٹرنری ہسپتال اور لائیو سٹاک بزنس اینڈ انکوبیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے الٹرا ساؤنڈ بلاک کا بھی معائنہ کیا اور بکری کے الٹرا ساؤنڈ کے عمل کا مشاہدہ کیا، انہوں نے بکری کے مالک سے ادارے میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں موجود رجسٹرڈ او ردیگر ریکارڈ بھی چیک کیا۔ صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے بریفنگ دی، صوبائی سیکرٹریز، کمشنر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ڈیرہ غازی خان میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئے، صوبائی وزراء، عامر میر اور ابراہیم مراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی مکمل طور پر فنکشنل کرنے ہدایت کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کارڈیالوجی آف انسٹیٹیوٹ کے بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور کا تفصیلی دورہ کیا، ساتھ ہی گیما کیمرہ، سی ٹی سکین، اور ایم آر آئی روم کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے ہسپتال کے کیفے ٹیریا، سٹال ویٹنگ اور سرائے کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی او پی ڈی کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے جنوبی پنجاب کے مریض فیض یاب ہورہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی میں بڑے شہروں کے برابر اور بہترین سہولتیں مہیا کرنا چاہتے ہیں۔ ہسپتالوں کو بہتر کرکے مریضوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری سی این ڈبلیو، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔