( سٹی42) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے انوکھا کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے ایک لڑکے کی ایک نہیں بلکہ 3 مائیں بنا ڈالیں۔
عمر رضا نامی لڑکے کی والدہ کی جانب سے نادرا کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق ان کے 17 سالہ بیٹے کی تین مائیں ہیں۔وکیل درخواست گزار ناصر احمد کا کہنا ہے کہ نوجوان عمر رضا کے والدین میں علیحدگی ہو گئی ہے، نادرا ریکارڈ میں ایک جگہ عمر رضا کی دادی اس کی ماں ہے تو دوسری جگہ سوتیلی ماں کو والدہ دکھایا گیا ہے۔درخواست گزار خاتون کے وکیل کا کہنا ہے کہ نادرا ریکارڈ میں نوجوان کی تین ماؤں کی وجہ سے بچے کے لیے مستقل میں مسئلہ ہو سکتا ہے، اس کی تعلیم میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔
عمر رضا کی سگی والدہ صدف کی جانب سے دائر درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے نادرا سے جواب طلب کر لیا ہے۔