(کومل اسلم)باغات کے شہر پر ابررحمت برس پڑا،مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے فضائی آلودگی میں کمی آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث شہر میں آلودگی کے بادل چھٹ گئے،شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی آ گئی۔
آسمان پر اب بھی بادلوں کا بسیرا ہے جبکہ دن بھر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی ،شہر کا موسم سرد ہوگیا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 17ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں گذشتہ ہفتوں میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی سموگ کی مقدار انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔ماہرین کے مطابق سموگ کی صورتحال موسم سرما میں شدت اختیار کر جاتی ہے مگر درحقیقت یہ وہ آلودگی ہے جو سارا سال فضا میں موجود رہتی ہے۔
حالیہ ڈیٹا کے مطابق رواں ماہ لاہور شہر متعدد بار دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، تاہم اب مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے فضائی آلودگی میں کمی آ ئی ہے۔