شہری کریں اپنی احتیاط، سموگ سے کینسر کا خطرہ

30 Nov, 2021 | 07:36 PM

Arslan Sheikh

سعدیہ خان: لاہور میں سموگ نے مستقل ڈیرے ڈال لئے، نومبر کا پورا مہینہ آلودہ فضا کی نذر ہو گیا۔ ایئرکوالٹی انڈیکس بدستور 400 سے زائد ریکارڈ جبکہ فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ، گلبرگ، رائیونڈ، واہگہ، شاہدرہ اور ہربنس پورہ کے علاقے آلودگی سے زیادہ متاثر ہیں۔

نومبر کے آغاز سے شروع ہونے والی سموگ نومبر کے اختتام پر مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور آلودگی سے چھٹکارے کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی ہے۔ ایئرکوالٹی انڈیکس بدستور 400 سے زائد ہے جبکہ لمز کے قریب ایئر کوالٹی انڈیکس 413، واہگہ 405، شاہدرہ 402 ، جیل روڈ اورفیروز پور روڈ پر نیشنل سٹیڈیم کے قریب 400 ریکارڈ کیا گیا۔ ہربنس پورہ اور رائیونڈ میں ایئرکوالٹی انڈیکس 390، گلبرگ 380 اور مال روڈ پر 370 رہا۔
آلودگی سے بھری فضا کے باعث سانس، گلا ، نزلہ زکام اور آنکھوں میں جلن کی شکایات عام ہیں۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سموگ کینسر جیسے موذی مرض میں بھی مبتلا کر سکتی ہے۔ فضائی آلودگی سے محفوظ رہنے کیلئے این 95 ماسک استعمال کیا جائے جبکہ شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت خصوصی احتیاط برتیں.
سموگ سے صرف انسان ہی نہیں جنگلی حیات اور نباتات کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ بارش ہونے تک صورتحال میں بہتری کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کے نسبتاً سرسبز علاقے بھی سموگ کی لپیٹ میں ہیں جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں