سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن نظر انداز، زندگیاں غیرمحفوظ

30 Nov, 2020 | 03:38 PM

M .SAJID .KHAN

(عثمان علیم) کورونا کے پیش نظر شہر کے 24 ہاٹ سپاٹس پر سمارٹ لاک ڈائون کا معاملہ، پولیس کی جانب سے تاحال کسی بھی علاقے میں نفری نہ لگائی گئی،سمارٹ لاک ڈائون نظر انداز ، مزید کورونا پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

تفصیلات کےمطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت کی ہدایات پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے شہر کے 24 ہاٹ سپاٹ علاقے جہاں کورونا کے کیسز زیادہ ہیں وہاں8 دسمبر تک سمارٹ لاک ڈائون کا نوٹی فکیشن جاری کیا، نوٹی فکیشن جاری ہونے کے باوجود کسی بھی علاقے میں تاحال لاک ڈائون نہیں کیا گیا،سمارٹ لاک ڈائون نظر انداز کرنے کی وجہ سے مزید کورونا پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے لاک ڈائون کے لیے تاحال نفری فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اب تک 24 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کا نفاذ نہیں ہو سکا۔ وبائی مرض کوروناکے تیزی کے ساتھ شہریوں پر وار جاری ہیں جس سےسنگین حالات میں گھیرے عوام کی زندگیاں غیرمحفوظ ہوکررہ گئیں ہیں۔

  نوٹی فکیشن کے مطابق واپڈا ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، عسکری 10، ڈی ایچ اے فیز 3،فور ، فائیو، کیولری گراؤنڈ، گارڈن ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن سمیت 24 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیا جانا تھا، مذکورہ تمام علاقوں میں نجی و سرکاری دفاتر ، شاپنگ مالزاور ریسٹورنٹ بند رکھنے جبکہ میڈیکل سٹورز ، ہسپتال، اور لیبارٹریز 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی ہدایات دی گئی مگر تاحال سمارٹ لاک ڈائون پر عملدرآمد نہیں کروایا گیا۔

کورونا ملک میں مزید 42 افراد کی جان لے گیا۔وائرس سے اموات کی تعداد 8ہزار25 ہوگئی۔ملک میں کورونا کے 2ہزار 839 نئے کیس بھی سامنے آگئے۔ملک میں اس وقت 300 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ایک روز میں 33ہزار302ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2ہزار839 پازیٹیوآئے۔

متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 98ہزار24 تک پہنچ گئی،سندھ میں 1لاکھ 73ہزار14 ،پنجاب 1لاکھ 196 ہزار35 ،خیبرپختونخوا 47 ہزار190 ،اسلام آباد 30ہزار123اوربلوچستان میں 17ہزار158تعداد متاثرہوچکے ہیں،گزشتہ24گھنٹوں میں ‏سندھ میں13اور‏پنجاب میں12اموات رپورٹ ہوئیں ، اس وقت ہسپتالوں میں2ہزار543 مریض زیرعلاج جبکہ 300 وینٹی لیٹرپرموجود ہیں۔

مزیدخبریں