سٹی 42: لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نےسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمہ خارج کر دیا .
تفصیلات کے مطابق علی قاسم گیلانی کے بھائی علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ ملتان جلسے کو روکنے کیلئے حراست میں لئے گئے علی قاسم گیلانی کی روبکار ڈسٹرکٹ جیل پہنچا دی گئی ہے۔ ان کے خلاف 16 ایم پی او کے تحت درج کیا جانے والا مقدمہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔28 نومبر کی رات ملتان میں قاسم باغ کے گرد حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب پی ڈی ایم کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کے راستوں کو کھولنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس بھی حرکت میں آئی۔
جیالوں اور متوالوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں کئی پکڑے گئے۔ پولیس نے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کو تھانہ گلگشت منتقل کیا جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے 30 روز کیلئے نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔۔ ان پر شر پسندی، نقص امن اور کورونا ایس او پیز کے خلاف ورزی سمیت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یاد رہے پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لیے مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری پہنچ گئی ہے،جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں منگوالی گئی ہیں۔سٹیڈیم کو کارکنان سے خالی کراکے ایک بار پھر سے تالے لگا دیے ہیں جب کہ سٹیڈیم سے سیاسی رہنماو¿ں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیے گئے اور چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔شہر میں بیشتر مقامات پر کنٹینر لگاکر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نشتر روڈ سے گیلانی ہائوس جانے والا راستہ سیل کردیا گیا اور دوسرے راستے کو بھی سیل کیا جارہا ہے، راستہ بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس شدید متاثر ہے جب کہ کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، ملازمین کو زخمی کرنے اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیاسی رہنمائوں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔دوسری جانب علی قاسم گیلانی، زاہد بہار ہاشمی، سعد کانجو سمیت 70 افراد حوالات کے پیچھے ہیں اور سابق وزیراعظم کے بیٹے علی قاسم گیلانی کو ایک ماہ کے لیے جیل میں بھیج دیا گیا ہے۔