بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی، اہم عہدوں پر بے ضابطگیوں کا انکشاف

30 Nov, 2019 | 11:16 PM

Arslan Sheikh

( اکمل سومرو ) بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے تین اہم عہدوں پر تقرریوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، گورنر پنجاب نے ڈپٹی رجسٹرار، ڈپٹی کنٹرولر امتحانات اور ڈپٹی خزانہ دار کے عہدوں پر تقرریاں کالعدم قرار دے دیں۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بطور چانسلر بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں گریڈ اٹھارہ کی تینوں آسامیوں پر بھرتیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ میرٹ کی سنگین خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ غیر قانونی بھرتی ہونے والے افسران سے تنخواہیں بھی واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے۔

 گورنر پنجاب کی جانب سے ان بھرتیوں پر انکوائری کی گئی، رپورٹ میں بے ضابطگیاں ثابت ہوگئی ہیں۔ میرٹ میں آخری نمبر پر موجود امیدواروں کو غیر قانونی طریقے سے نمبر ون قرار دیا گیا۔ گورنر پنجاب نے یونیورسٹی کو تینوں آسامیاں کیلئے دوبارہ بھرتی کا اشتہار دینے کا حکم دیا ہے۔ گورنر نے دوبارہ اشتہار میں یونیورسٹی کو واضح طور پر خواتین کا مختص کوٹہ بھی لکھنے کی ہدایات کی ہیں جبکہ سلیکشن بورڈز کو صرف 20 نمبرز دینے کا اختیار دیا ہے۔

واضح رہے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے طاہر محمود کو ڈپٹی رجسٹرار، شہلا گل کو ڈپٹی خزانہ دار، راشد اقبال کلاسرا کو ڈپٹی کنٹرولر کے عہدے پر بھرتی کیا تھا، ان بھرتیوں میں میرٹ کہ سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں۔

مزیدخبریں