’’تحریک انصاف کا دور پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور ثابت ہوگا‘‘

30 Nov, 2018 | 09:02 AM

Sughra Afzal

 (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا دور پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور ثابت ہوگا۔ ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ عوام کو فائدہ نہیں پہنچا ، تحریک انصاف کی حکومت عوام پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی بے مثال قیادت میں مختصر عرصے میں تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جن کے دورس اثرات سامنے آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاکہ عوام کی حالت بدلے گی تو تبدیلی آئے گی۔ عوام کی خدمت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ حکومت بھرپور جذبے اور عزم کے ساتھ درست سمت کی جانب بڑھ رہی ہے ۔ عوام کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں سنجیدگی سے اقدامات کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد تاریخی اقدام ہے۔جس سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔کرتارپور راہداری صرف سرحد پار کرنے کا راستہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کے دلوں میں اترنے کا راستہ ہے۔ راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر سکھ برادری کے چہروں پر مسرت دیکھ کر مجھے بھی دلی خوشی ہوئی ہے۔

 علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی دوبار تعریف کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار انتہائی سادہ انسان ہیں۔ وہ ڈرامے نہیں کرتے نہ بڑی ٹوپی پہنتے ہیں اور نہ ہی لمبے بوٹ پہنتے ہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ سڑک پر سونے والے افراد کو چھت فراہم کرنے کے منصوبے میں عثمان بزدار نے بڑا کر دار ادا کیا۔ لاہور میں ان کی سربراہی میں پانچ مقامات پر پناہ گاہیں بنائی جا رہی ہیں۔ میں نے ایک بار ان سے بات کی اور انہوں نے اس پر فوری کام شروع کر دیا۔

وزیراعظم نے قبضہ مافیا کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے بھی عثمان بزدار کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا سے اب تک 88 ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے جس کی مالیت تقریباً 150 ارب روپے سے 200 ارب روپے تک بنتی ہے۔ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے قبضہ مافیا کے خلاف کامیاب ایکشن لیا ہے۔

مزیدخبریں