افشاں رضوان: لاہور میں متعدد آبادیوں میں انفراسٹرکچر بدترین عدم توجہ کے سبب بدحالی کا شکار ہے اور شہر کے بیچوں بیچ آبادیوں کے مکین عملاً دیہات سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
لاہور کی سبزہ زار کالونی کی مین روڈ انتظامیہ کی عدم توجہی کی بھینٹ چڑھ گئی۔ ڈیڑھ سال قبل سیوریج کی پائپ لائن ڈالنے کے لیے اکھاڑی گئی سڑک اب تک مرمت نہ ہو سکی۔ مصروف سڑک بڑے بڑے گڑھوں اور ریمپس کی وجہ سے موت کا کنواں بن کر رہ گئی۔
ادھورا چھوڑ دیا گیا ترقیاتی کام علاقہ کے مکینوں کے لیے درد سر بن گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ سالوں سے تباہ حال سڑک عملاً ٹریفک کے لیے بند ہے ،جس کے باعث ٹریفک ون جانے پر مجبور ہے۔ اس سڑک پر حادثات آئے روز کا معمول بن گئے ہیں۔
سڑک پر جگہ جگہ ملبے اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں۔ دن بھر دھول مٹی اڑنے سے اس علاقہ کے مکین سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں۔ گاہک آمد و رفت کے عذاب سے بچنے کے لئے اس طرف کا رخ نہیں کرتے۔ علاقہ کے مکینوں اور تاجروں کی جانب سے اعلی ٰحکام سے روڈ کی فوری مرمت کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔