ویب ڈیسک : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کے دوسرے مواصلاتی سیٹلائیٹ PakSat MM1 کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارکباد دی گئی ۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے سائنسدانوں کی اس شاندار کامیابی پر فخر ہے. پاکستانی سیٹلائیٹ PakSat MM1 کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے سے پوری پاکستانی قوم نے ایک عظیم سنگ عبور کر لیا. پاکستانی سیٹلائیٹ کا چین کے Xichang Satellite Launch Centre سے خلاء میں بھیجا جانا، پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے. ایسے اقدامات سے پاکستان اور پاکستانی عوام جدت اور ٹیکنالوجی کے ثمرات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے. سیٹلائیٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی.
شہباز شریف نے کہا کہ سیٹلائیٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا. پاکستانی سیٹلائیٹ کا زمین کے مدار میں 36 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر بھیجا جانا سپارکو اور متعلقہ اداروں کی بڑی کامیابی ہے جس پر پوری قوم انہیں داد تحسین دیتی ہے. سیٹلائیٹ PakSat MM1 کا زمین کے مدار میں کامیابی سے پہنچنا پاکستان کے تابناک مستقبل کی نوید ہے. اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ سیٹلائیٹ PakSat MM1 اجرا ملک میں مواصلاتی نظام کی بہتری اور خلائی شعبے میں بڑی کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو.