جمال الدین: شہری کو اغواء کرکے بٹ کائن کرپٹو کرنسی میں 63 لاکھ تاوان لینے ے مقدمہ میں انسداد دہشتگردی عدالت نے مدعی کو حتمی دلائل کے لئے آخری مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 10 جون تک ملتوی کر دی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے مدعی فریق سے اپنے حتمی دلائل دینے کے لئے کہا تو مدعی نے حتمی دلائل پیش کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی۔ عدالت نے مدعی کو حتمی دلائل کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 10 جون تک ملتوی کر دی۔
پراسیکیوشن کے تمام گواہان کی شہادت قلمبند ہو گئی ہے اور گواہان سے وکلاء کی جرح بھی مکمل ہو چکی ہے۔ فاضل جج نے ریمارکس میں کہا کہ حتمی دلائل کے بعد مقدمہ کا فیصلہ سنایا جائے گا ۔
ملزم وسیم عمران اور ساجد کیخلاف تھانہ کاہنہ میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہوا جس کے مطابق ملزمان نے شہری محمد اعظیم طارق کو تاوان کیلیے اغواء کیا۔ ملزمان نے شہری سے 63 لاکھ مالیت کے بٹ کوائن بطور تاوان وصول کیئے۔ جان بچانے کیلیئے مغوی نے اپنے آن لائن اکاؤنٹ سے بٹ کوائن ملزمان کے بتائے ہوئے اکاؤنٹ کو منتقل کر دیئے۔ رہائی ملنے پر شہری نے ملزمان وسیم عمران اور ساجد کیخلاف مقدمہ درج کرایا۔