یوسف رضا گیلانی سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کا عزم

30 May, 2024 | 05:20 PM

ویب ڈیسک : قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی ۔ 

پاکستان اور آذربائیجان نے معیشت، تجارت، توانائی، مواصلات اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی گہرے تاریخی تعلقات ہیں، باکو میں ملتان سرائے دونوں برادر ممالک کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے باکو اور ملتان کو ’’سسٹر سٹیز‘‘ قرار دینا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعلقات بہتر بنانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی فورمز پر یکساں خیالات کے حامل ہیں ۔ 

قائمقام صدر نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے تعلیمی اور پارلیمانی تبادلوں ، روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا، کہا کہ عوامی روابط فروغ دینے کیلئے سیاحت، کاروبار اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات بڑھانا ہوں گے ۔ 

 آذری وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے ۔ پاک-آذربائیجان تعاون کو معیشت، تجارت اور کاروبار کے شعبوں میں بڑھانا ہوگا، مواصلاتی اور عوامی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے۔ 

سید یوسف رضا گیلانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں