لاہور: شدید گرمی کے باوجود ڈینگی کے وار جاری،نئے مریض رپورٹ

30 May, 2024 | 01:11 PM

Imran Fayyaz

(زاہد چودھری)ڈینگی وائرس کےحملےشدیدگرمی میں بھی تھم نہ سکے،2 نئے مریض سامنے آ گئے۔
 شدید گرمی کے باوجود ڈینگی کے وار جاری ہیں ،لاہور میں ڈینگی بخار کے 2 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔شالامار اور راوی ٹاؤن سے ڈینگی بخار کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
شہر کے مزید 407 مختلف مقامات سے ڈینگی لاروا  بھی برآمد ہوا ہے۔

 واضح رہے کہ ڈینگی کی علامات عموماً بیمار ہونے کے بعد 4 سے 6 دن میں ظاہر ہوتی ہیں اور اکثر 10 دن تک برقرار رہتی ہیں۔

ان علامات میں اچانک تیز بخار، شدید سردرد، آنکھوں کے پیچھے درد، جوڑوں اور مسلز میں شدید تکلیف، تھکاوٹ، قے، متلی، جلد پر خارش (جو بخار ہونے کے بعد 2 سے 5 دن میں ہوتی ہے) خون کا معمولی اخراج (ناک، مسوڑوں سے یا آسانی سے خراشیں پڑنا) قابل ذکر ہیں۔

اکثر اوقات علامات کی شدت معمولی ہوتی ہے اور انہیں فلو یا کسی اور وائرل انفیکشن کا نتیجہ بھی سمجھ لیا جاتا ہے۔

چھوٹے بچوں اور ایسے افراد جو پہلے ڈینگی سے متاثر نہ ہوئے ہوں، ان میں بیماری کی شدت زیادہ عمر کے بچوں اور بالغ افراد کے مقابلے میں معمولی ہوتی ہے۔

مگر سنگین مسائل کا خطرہ ہر مریض میں ہوسکتا ہے جیسے ڈینگی ہیمرج بخار جو بہت تیز بخار کی ایک پیچیدگی ہے، لمفی اور خون کی شریانوں کو نقصان پہنچنا، ناک اور مسوڑوں سے خون بہنا، جگر بڑھ جانا اور گردشی نظام فیل ہونا۔

سنگین علامات کے نتیجے میں خون کا اخراج بہت زیادہ بڑھ سکتا ہے اور موت کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

کمزور مدافعتی نظام کے مالک افراد یا دوسری یا کئی بار ڈینگی کا سامنا کرنے والے لوگوں میں ڈینگی ہیمرج بخار کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔


 

مزیدخبریں