واٹر فلٹریشن پلانٹ ناکارہ، اچھرہ کے مکین صاف پانی سے محروم

30 May, 2024 | 12:43 AM

فریحہ بتول:  اچھرہ کے علاقے ونڈ سر پارک میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹ گزشتہ دو سال سے بند فلٹریشن پلانٹ ناکارہ ہونے کے سبب اہل علاقہ صاف پانی سے محروم ہیں۔ سخت گرمی کے دنوں میں جب طبی ماہریں گیسٹرو کی وبا پھیلنے کا خطرہ ظاہر کر رہے ہیں، اچھرہ  کے مکینوں کو صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
واٹر فلٹریشن پلانٹ بند ہونے کے باعث وہاں نصب مشینری زنگ آلود ہونے لگی ہے۔ فلٹر  پلانٹ کی مرمت اور صفائی ستھرائی  کے لئے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈز موجود نہیں،  انتظامی عدم توجہ کا شکار واٹر فلٹریشن پلانٹ کے گرد کوئی سرکاری روک ٹوک نہ ہونے کے سبب  کوڑا کرکٹ کے ڈھیر  لگ گئے ہیں۔

 اہل علاقہ کہتے ہیں کہ دو سال ہو گئے واٹر فلٹر پلانٹ بند ہے صاف پانی خرید کر ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہیں جبکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بندش کے باعث دور دراز سے پانی بھر کر لاتے ہے۔  شہریوں کی جانب سے فلٹریشن پلانٹ جلد از جلد فعال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کئی ہفتے پہلے لاہور کے باسیوں کو تمام ناکارہ ہو چکے واٹر فلٹریشن پلانٹس چالو کروانے کی خوش خبری سنائی تھی لیکن اب تک عملاً اس ضمن میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ 

مزیدخبریں