علی ساہی : آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا احسن اقدام،جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنے والی کانسٹیبلری کیلئے لیگل ایڈ فنڈ قائم کر دیاگیا۔فرض شناس پولیس افسران و اہلکاروں کو استغاثوں، جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تنہا نہیں چھوڑنے کی بجائے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پولیس افسران و اہلکار بسا اوقات دوران ڈیوٹی جھوٹے مقدمات اور قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔حکومتی لیڈرشپ، پالیسی اور افسران تبدیل ہونے پر بھی پولیس فورس کو جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ایسے واقعات فورس میں بددلی کا باعث بنتے ہیں،ان کے ازالے کیلئے لیگل ایڈ فنڈ قائم کیا گیا ۔
لیگل ایڈ فنڈ پنجاب پولیس کے ویلفیئر پراجیکٹس کی آمدنی سے قائم کیا گیا ہے،پولیس افسران پر مشتمل کمیٹی اضلاع سے بھجوائے گئے تمام کیسز کا جائزہ لے کر امدادی رقوم بارے فیصلہ کرے گی، لیڈرشپ اور کانسٹیبلری مل کر فورس کیخلاف درج جھوٹے استغاثوں اور درخواستوں کا مقابلہ کرے گی۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ آئندہ کسی پولیس افسر یا اہلکار کو مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے اپنی بیوی یا بیٹی کا زیور نہیں بیچنا پڑے گا۔