خاتون سے 7 افراد کی اجتماعی زیادتی کے واقعہ میں اہم انکشافات

30 May, 2021 | 11:22 PM

M .SAJID .KHAN

(اسرار خان)چوہنگ کے علاقہ میں خاتون کے ساتھ 7 افراد کی اجتماعی زیادتی کا معاملہ، مقدمے کا ایک نامزد ملزم جہانگیر جٹ ریکارڈ یافتہ نکلا، ملزم نے خاتون سے زیادتی سے دو روز قبل الیکٹرانکس کی دکان پر فائرنگ کی تھی، سٹی فورٹی ٹو نے فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ۔

تفصیلات کے مطابق ملزم جہانگیر جٹ نے 23 مئی کی رات ساندہ کے علاقہ ٹی نمبر5 میں واقع الیکٹرانکس کی دکان پر فائرنگ کی، سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار ملزم نےدکان کے باہر موجود افراد پر فائرنگ کی، فائرنگ کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لئےوہاں سے بھاگنے لگے۔

مزید پڑھئے: لاہور؛چوہنگ میں 7 افراد کی لڑکی سے اجتماعی زیادتی

فائرنگ کی زد میں آکر تہذیب اکبر نامی نوجوان زخمی ہوا، جسے ٹانگ پر گولی لگی،اس واقعے کا مقدمہ مضروب تہذیب کے بھائی اور الیکٹرانکس کی دکان کے مالک شہزاد اکبر کی مدعیت میں تھانہ ساندہ میں درج کیا گیا، 25 مئی کو خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں جہانگیر جٹ اور اس کے دیگر ساتھیوں میاں آصف، رفاقت شاہ، سجاول اور تین نامعلوم ملزموں کو نامزد کیا گیا تھا، مذکورہ مقدمات میں مطلوب ہونے کے باوجود ملزم جہانگیر جٹ تاحال روپوش ہے ۔

واضح رہے کہ  شیراکوٹ کی رہائشی آرزو نامی خاتون کاکہناتھا کہ گلشن راوی کی ڈبل سڑکوں سے 4 ملزمان جہانگیر جٹ، شکیل بٹ، میاں آصف اور رفاقت شاہ نے اسے اغواء کیااور چوہنگ کے علاقہ میں لے جا کر اپنے ساتھیوں بابا سجاول اور دو نامعلوم ملزمان کے ہمراہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا یا۔

 تھانہ چوہنگ میں مقدمہ متاثرہ لڑکی آرزو کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،مقدمے میں جہانگیر جٹ، شکیل بٹ، میاں آصف، رفاقت شاہ کے علاوہ بابا سجاول اور 2 نامعلوم ملزموں کو بھی شامل کیا گیا،ملزم آرزو کو زیادتی کے بعد سڑک پر پھینک گئے تھے،راہ گیروں نے جناح ہسپتال پہنچایا،ڈاکٹروں نے متاثرہ لڑکی کی حالت تسلی بخش قرار دی۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے حکم پر چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
 

مزیدخبریں