سعید احمد سعید: یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا ماہ جون کے لیے 20ہزار میٹرک ٹن چینی خریدنے کا فیصلہ، خریداری کے لیے 1ارب 70کروڑ روپے مختص کردیئے گئے، وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 68روپے فی کلو میں فروخت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام نے ماہ جون کے لیے 20ہزار میٹرک ٹن چینی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چینی ملک بھر کی شوگر ملوں سے 88 روپے فی کلو کے حساب سے خریدی جائےگی اور وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت شہریوں کو 68 روپے فی کلو میں فروخت کی جائے گی۔ چینی کی خریداری کے لیے 1ارب 70کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے مالی سال 2020-21 میں مجموعی طور پر 22 ارب روپے کی چینی خریدی۔
دوسری جانب سستے سہولت بازاروں میں چینی کی خریداری کیلئے آنیوالے شہری مایوسی کا شکار ہیں جبکہ چینی کب پہنچے گی اور کس ریٹ پر فروخت ہوگی انتظامیہ بتانے سے بھی قاصر ہے۔ شہریوں کا کہناتھاکہ گرمیوں میں مشروبات کیلئے چینی کا استعمال معمول سے زیادہ ہوتاہے، لیکن سرکاری ادارے جانے کیوں نہیں سمجھ رہے۔
محکمانہ روابط کے فقدان کے باعث سستے بازاروں میں چینی کے سٹالز نہ لگ سکے۔ دو روز بعد آٹے کے ٹرک سستے سہولت بازاروں میں پہنچا دیئے گئے۔ سستے سہولت بازاروں میں آٹا دس کلو 430 روپے میں فروخت ہونے لگا، شہر کے 31سستے سہولت بازار فعال ہوگئے، شہری سستے سہولت بازاروں میں چینی کی آمد کے منتظرہیں۔
انتظامیہ کا دعوی ہے کہ سہولت بازار میں سبزیاں اور پھل مارکیٹ کے مقابلے میں 10 روپے فی کلو کم پر میسر ہوں گے، تاہم چینی کب پہنچے گی کچھ علم نہیں۔سستے سہولت بازاروں میں تیسرے روز بھی چینی کی سپلائی نہ ہونے سے سرکاری اداروں کی غفلت و نااہلی عیاں ہوگئی۔ چینی بنیادی ضرورت ہے جو تاحال شہریوں کی پہنچ سے باہر ہے۔