کھلاڑیوں کی کلیئرنس نہ ہونے کا معاملہ، پی سی بی نے اہم فیصلہ کرلیا

30 May, 2021 | 04:16 PM

Arslan Sheikh

حافظ شہباز علی: پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے لئے کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی ابوظہبی روانگی کے لئے ایک کے بعد ایک رکاوٹ پیدا ہونے کا سلسلہ جاری ہے، کھلاڑیوں اور دیگر افراد کو کلیئرنس نہ ملنے پر پی سی بی نے ابوظہبی سپورٹس کونسل سے رابطہ کرلیا۔

پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے لیے ٹیموں اور دیگر افراد کے ابوظہبی پہنچنے کا معاملہ ابھی تک پوری طرح حل نہ ہوسکا۔ لاہور، کراچی سے ابوظہبی کے لئے روانہ ہونے والے دس افراد کو کلئیرنس نہ ہونے کے باعث لاہور ائیر پورٹ پر روک لیا گیا جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو کراچی ائیر پورٹ پر روکا گیا۔

اس ساری صورت حال کے بعد کھلاڑیوں کی کلیرنس کے لیے پی سی بی نے ابوظہبی سپورٹس کونسل سے رابطہ کرلیا ہے۔ ابوظہبی اسپورٹس کونسل نے پاکستان سے 16 افراد کی یو اے ای آمد کے لئے پی سی بی کو خصوصی اجازت دلوائی تھی،تمام افراد نے بذریعہ کمرشل فلائٹس آج صبح چار بجے کے قریب ابوظہبی روانہ ہونا تھا،تمام افراد کی کلیئرنس کے لیے پی سی بی نے دوبارہ ابوظہبی اسپورٹس کونسل سے رابطہ کیا ہے۔

پی سی بی تمام افراد کی جلد ابوظہبی روانگی کے لیے متبادل آپشنز پر بھی غور کررہا ہے جبکہ دوسری جانب فاسٹ باؤلر محمد حسنین سمیت کراچی سے پانچ افراد ابوظہبی پہنچ چکے ہیں۔ 

مزیدخبریں