نذیر  چوہان کے مخالفین بھی میدان میں آگئے

30 May, 2021 | 03:12 PM

Sughra Afzal

(وقاص احمد) حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے رکنِ پنجاب اسمبلی نذیر  چوہان کے حمایتوں کے بعد مخالفین بھی میدان میں آگئے، نذیر چوہان کے اپنے حلقے میں نصب بینرز اور فلیکس پر نامعلوم افراد نے سیاہی پھیر دی۔

ذرائع کے مطابق اکبر چوک میں نذیر چوہان نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تصاویر والا فلیکس لگا رکھا تھا، نامعلوم افراد نے رات گئے نذیر چوہان کی تصویر پر سیاہی پھیر دی جبکہ عمران خان اور عثمان بزدار کی تصاویر کو کچھ نہیں کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہےکہ  گزشتہ روز مشیر وزیر اعظم شہزاد اکبر کی درخواست پر تھانہ ریس کورس میں نذیر چوہان پر مقدمہ درج کیا گیا،درخواست میں انہوں نے الزام عائد کیا  کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان پر جھوٹے الزامات لگائے، الزامات سے ان کی زندگی کو خطرہ ہے۔ مقدمے کے بعد بڑی تعداد میں نذیر چوہان کے حمایتی سامنے آئے ہیں۔

نذیر چوہان نے آج لاہورکے تھانے ریس کورس میں گرفتاری دینے کا اعلان کر دیا۔ نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے کہنے پر میرے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔

مزیدخبریں