( عرفان ملک ) لاہور پولیس کے زیر تعمیر نو تھانوں کا کام بجٹ نہ ہونے کے باعث رک گیا، زیر تعمیر تھانوں کے لیے سی سی پی او لاہور نے آئی جی آفس کو رپورٹ بھجوا دی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں پینتیس پولیس سٹیشنز ایسے موجود ہیں جن کی اپنی عمارت ہی نہیں، ان تھانوں کو دکانوں یا کرائے کی رہائشی بلڈنگز میں منتقل کیا گیا ہے۔ سابق دور حکومت میں ان تھانوں کے لیے جگہ اور فنڈز دیئے گئے لیکن اب زیر تعمیر تھانوں کے لیے بجٹ نہ ہونے کے باعث تعمیراتی کام رک گیا ہے۔
شہر میں اس وقت نو تھانے زیرتعمیر ہیں، آئندہ مالی سال میں پولیس کو تعمیراتی کام مکمل کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں۔
گوالمنڈی پولیس سٹیشن کا رقبہ متنازعہ ہونے کے باعث عدالتوں میں کیس جاری ہے۔ گوالمنڈی پولیس سٹیشن کو مکمل کرنے کے لیے دس لاکھ روپے درکارہیں۔
قلعہ گجر سنگھ پولیس سٹیشن کی عمارت کے لیے دو کروڑ ستر لاکھ روپے، چوہنگ پولیس سٹیشن کی تکمیل کے لیے دو کروڑ چالیس لاکھ، گلشن راوی پولیس سٹیشن کو ایک کروڑ نوے لاکھ اور فیکٹری ایریا تھانے کی عمارت کےلیے دو کروڑ روپے درکار ہیں۔
لاہور پولیس کو اگر فنڈز فراہم کیے جائیں تو ان تھانوں کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرکے شفٹنگ کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے۔