شادمان (حسن علی/ جمال الدین جمالی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی عوام پر مہنگائی بم گرا دیا، آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ کر دیا، شہریوں نے آٹا مہنگا ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون نے صوبے بھر میں گندم کی قیمت میں اضافے میں شرح کے تناسب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا، لاہور قصور شیخوپورہ فیصل آباد اوکاڑہ ساہیوال اور سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120روپے کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا اضافہ کیا گیا۔
نئے فیصلے کے مطابق سنٹرل پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے اس شرح سے 20 کلوگرام کا تھیلا کی نئی قیمت ایکس مل نرخ 900 روپے اور ریٹیل قیمت 925 روپے ہو گی تاہم جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں گندم کی قیمت 1550 اور 1525 روپے فی من ہے ان شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا مہنگاہوگیا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین عبدالرؤف مختار کا کہنا تھا کہ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم بہت مہنگی ہوچکی ہے۔ رمضان المبارک کے تقدس کے پیشِ نظر ایسوسی ایشن نے حکومت پنجاب کی درخواست پرحکومت سے تعاون کرتے ہوئے عوام کی سہولت کیلئے تھیلا آٹا پرانے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا 805 روپے فی تھیلا پر فروخت کیا، اب پرانے نرخوں پر آٹا کی فروخت ممکن نہ ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 120 روپے مہنگا ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اب روٹی کھانا مزید مشکل ہو جائے گا، حکومت کو غریب عوام کا کچھ خیال کرنا چاہیے، گندم کی نئی فصل بازار میں آچکی ہے پھر بھی آٹے کی قیمت میں اتنا اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے، مہنگائی کے باعث زندہ رہنا مشکل ہو گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے عوام کیلئے روٹی اور دیگر اشیائے خورونوش سستی ہونی چاہیے، مگر یہاں روز بروز مہنگائی بڑھ رہی ہے، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہے۔
مہنگائی سے پریشان عوام کو حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، حکومت کی جانب سے عوام کو کچھ ریلیف دیا جانا چاہئے،آٹا تو سستا ہونا چاہیے۔