ابھی شادی کی طلب نہیں، جب ہوگی تو کرلوں گی: عائشہ عمر

30 May, 2020 | 10:24 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک)  پاکستان کی مشہور ومعروف اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ ابھی انہیں شادی کی طلب نہیں ہوئی ہے اور جب انہیں ضرورت ہوگی تو وہ ضرور شادی کریں گی اور سب کو بلائیں گی۔

ایک انٹرویو میں عائشہ عمر نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ صرف ہمارے سماج کی سوچ ہے کہ شادی زندگی کو سنوارتی ہے تاہم درحقیقت شادی تو زندگی ختم کردیتی ہے۔

عائشہ عمر نے کہا کہ انہیں شادی کی تقریبات میں جانے سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی کوئی انہیں دعوت دے گا وہ ضرور جائیں گی اور جب انہیں ضرورت ہوگی تو وہ بھی شادی کریں گی اور سب کو بلائیں گی لیکن اس وقت انہیں اس کی طلب نہیں۔

اداکارہ نے اسی معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ نہیں پتہ کہ ان کی شادی کب ہوگی اور اس حوالے سے خدا ہی بہتر جانتے ہیں لیکن فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

اداکارہ کے مطابق لوگ دراصل اس لیے شادی کرتے ہیں کیوں کہ انہیں بچے چاہیے ہوتے ہیں اور انہیں خاندان کو آگے بڑھانا ہوتا ہے لیکن چوں کہ ابھی وہ خود بچی ہیں تو ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

معروف ماڈل و اداکارہ عائشہ عمر سے سوال کیا گیا کہ اگر کسی آفت کی وجہ سے دنیا سے سب مرد ختم ہوجائیں اور صرف قائم علی شاہ، چودھری شجاعت حسین، رانا ثناء اللہ، طاہرالقادری اور شیخ رشید بچیں تو وہ کس سے شادی کریں گی جس پر عائشہ عمر نے کہا کہ وہ شیخ رشید کا انتخاب کریں گی کیوں کہ شیخ رشید کے پاس اچھی حس مزاح ہے اور وہ مزاحیہ شخصیت کے مالک ہیں۔

انہوں نے ملک میں مرد و خواتین ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ خواتین کو مرد حضرات کے مقابلے کم اجرت ملتی ہے، تاہم شوبز انڈسٹری میں بعض مرتبہ خواتین کو مرد اداکاروں سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔

مزیدخبریں