کورونا بے قابو، ایک روز میں ریکارڈ 96 اموات، کیسز 65 ہزار سے بڑھ گئے

30 May, 2020 | 08:50 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے، ایک روز میں ریکارڈ 96 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1379 ہوگئی، 2363 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 65059 تک پہنچ گئی ہے جبکہ  2 ہزار سے زائد لوگ صحتیاب بھی ہوگئے۔

پنجاب کا دارالحکومت لاہور کورونا وائرس کا سب سے بڑا مرکز بن گیا، لاہور میں 66 فیصد کے قریب کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، وبا کے 79 روز میں وائرس سے ہونے والی اموات 154 ہوگئیں،  24 گھنٹوں کے دوران 428 نئے مریضوں میں اضافے سے تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی،  پنجاب میں ایک روز میں  29 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے بھر  میں اموات کی تعداد 410 ہوگئی جبکہ  کورونا وائرس کے مزید 927 کیسز  سامنے آنے کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 22964 ہوگئی،صوبے میں اب تک   6338 افراد کو کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ سے کورونا کے مزید 804 کیسز اور 31 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کی گئی، سندھ میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 26113 اور اموات 427 ہوگئی ہیں، اب تک 12750 کورونا کے مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 225 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9067 ہوگئی، وبا سے مزید 13 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں وائرس سے اموات کی تعداد 445 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں 7 نئے کیسز سامنے آگئے، متاثر ہونے والوں کی تعداد 651 سے بڑھ کر 658 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 8 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا، متاثرہ افراد کی تعداد 219 سے بڑھ کر 227 ہوگئی۔

ملک میں وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی دیکھا گیا، 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وبا سے 2 ہزار 74 مریض شفایاب ہوگئے، جس کے بعد اب تک ملک میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار 231 سے بڑھ کر 22 ہزار 305 ہوگئی، طبی عملے کے افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں، گوجرانوالہ میں بھی سینئر ڈاکٹر و ماہر نفسیات ڈاکٹر نعیم اختر بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے، خیبر پختونخوا میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خانزادہ بھی انتقال کرگئے جبکہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بی ایم سی ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیراحمد بھی جان سے گئے، لاہور میں 39 سالہ لیڈی ڈاکٹر ثناء فاطمہ بھی کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئیں۔

کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق دوسرے نمبر پر راولپنڈی میں کورونا وائرس کیسز کی شرح  سات اعشاریہ پچاسی فیصد رپورٹ ہوئی جبکہ گجرانوالہ میں کورونا وائرس کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق چوتھے نمبر پر سرگودھا میں سب سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، سرگودھا میں کورونا کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 49 فیصد ریکارڈ کی گئی، پانچویں نمبر پر لودھراں میں کورونا وائرس کیسز کی 2 اعشاریہ 91 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی ، کورونا وائرس کیسز کے حوالے سے فیصل آباد کا چھٹا نمبر رہا، فیصل آباد میں شرح 2 اعشاریہ اکیانوے فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ساتویں نمبر پر پشاور، آٹھویں نمبر پر ملتان اور نوویں نمبر پر گجرات میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے، کراچی پہلے نمبر سے دسویں نمبر پر چلا گیا، کراچی میں کورونا وائرس کیسز کی شرح انتہائی کم 1 اعشاریہ 45 فیصد ہوگئی۔

ادھر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) نے چک شہزاد میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے خصوصی ہسپتال کی تعمیر میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے

مزیدخبریں