( اکمل سومرو ) اساتذہ کے تبادلوں کیلئے بنایا جانے والا ای ٹرانسفر سسٹم جواب دے گیا، سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور سینئر اساتذہ کے تبادلوں کے احکامات رک گئے ہیں۔
ترقی پانے والے ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریس، سینئر ہیڈ ماسٹرز، سنیئر ہیڈ مسٹریس اور ماہر مضمون، سینئر ماہر مضمون کی پوسٹنگ کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ 950 مرد و خواتین اساتذہ پوسٹنگ آرڈر کے انتظار میں خوار ہوگئے ہیں۔ 4 روز میں محکمہ تعلیم سکولز پنجاب گریڈ 17 اور گریڈ 18 میں پوسٹنگ کے آرڈرز جاری نہ کرسکا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ تعلیم سکولز پنجاب نے ای ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے پوسٹنگ کیلئے اساتذہ سے آپشن مانگے جسے اساتذہ نے قبول ہی نہیں کیا۔
اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ محکمہ تعلیم ای ٹرانسفر سسٹم کے بجائے مینوئل طریقہ کار کے تحت اساتذہ کے پوسٹنگ آرڈر جاری کرے تاکہ اساتذہ کو نئے سکیل کی سالانہ ترقی مل سکے۔ جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین رانا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ ای سسٹم کے ساتھ ساتھ مینوئل سسٹم کو بھی چلانا چاہیے تاکہ اساتذہ کو پریشانی کا شکار نہ ہونا پڑے۔