(یاور ذوالفقار) احتساب عدالت نے پیراگون سوسائٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جون تک توسیع کردی۔
ذرائع کے مطابق پیراگون سوسائٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار خواجہ سلمان رفیق کو کیمپ جیل سے لا کر جج جواد حسن کی عدالت میں پیش کیا گیا، دوران سماعت جیل حکام نے بتایاکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث خواجہ سعد رفیق کو پیش نہیں کیا جاسکا اور ان کے پروڈکشن آڈر30 مئی تک جاری کیے گئےتھے، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیاکہ ریفرنس کیوں جمع نہیں کروایا گیا؟ جس پرتفتیشی نے بتایا کہ ریفرنس تیار کر لیا گیا ہے، جلد پیش کردیں گے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جون تک توسیع کرتے ہوئے ریفرنس فائل کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق عمران خان کی حکومت پر برس پڑے ، بولےتبدیلی سرکار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، عمران خان عوام کیلئےعذاب بن کر آئے ہیں، بجلی گیس پانی اور ادویات کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں، مہنگائی نےعوام کی کمر توڑکررکھ دی ہے ، عوام کا جینا دو بھر ہوگیا،اپوزیشن جماعتیں ملکرعیدکےبعدجدوجہدکریں گی ۔