( سعید احمد ) عید کے دنوں میں ریلوے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کیلئے پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے حکمت عملی تیار، پولیس اہلکار عملے کے ساتھ مل کر ٹرینوں میں ٹکٹیں چیک کرنے کی ہدایت، ملک کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر شکایتی سیل قائم کر دئیے گئے۔
عید الفطر کی آمد کے موقع پر جرائم پیشہ عناصر کو ریلوے ٹکٹیں بلیک میں سیل کرنے سے روکنے کیلئے ریلوے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارات ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پاکستان ریلوے پولیس شارق جمال خان نے کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے پولیس و عملہ ریلوے کی طرف سے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کیلئے مشترکہ طور پر چیکنگ کی جائے گی اور مسافروں کے ریلوے اسٹیشنوں، دوران سفر ٹرینوں میں ریلوے ٹکٹ اور قومی شناختی کارڈ بھی چیک کئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں پاکستان ریلوے پولیس کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اور بڑے سٹیشنوں پر متعلقہ عملے کی موجودگی میں شکایت ڈیسک بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز شارق جمال خان کا کہنا ہے کہ بلیک میں ٹکٹ خریدنا اور بیچنا قانوناً جرم ہے اور اس مکروہ دہندے کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔