دعا مرزا:علامہ اقبال میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب۔ پرنسپل کالج ڈاکٹرراشد ضیاء نے اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
میڈیکل میں بیسٹ گریجویٹ پنجاب کا لقب حاصل کرنے والے ڈاکٹر عمیر فاروق اور ڈاکٹر عروسہ کنول کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج ڈاکٹر راشد ضیاء، پروفیسر عارف تجمل، پروفیسر حامد بٹ نے شرکت کی، ڈاکٹر راشد ضیاء کا کہنا تھا کہ ان طلباء نے کالج سمیت پورے ملک کا نام روشن کیا ہے۔
ڈاکٹر عمیر فاروق نے تیئس گولڈ اور دو سلور میڈل حاصل کیے، وہ علامہ ا قبال میڈیکل کی تاریخ میں پہلے طالبعلم ہیں جنہوں نے پچیس میڈل اپنے نام کیے، تیس میڈیکل کالجز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیساتھ ساتھ بیسٹ گریجویٹ کا ٹائٹل بھی حاصل کیا۔ ڈاکٹر عروسہ کنول نے گیارہ گولڈاور سات سلور میڈل حاصل کیے، ان کا کہنا تھا کہ سب والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
ڈاکٹر عمیر فاروق اور ڈاکٹر عروسہ کنول تمام طلباء کے لیے رول ماڈل ہیں، جن کی کامیابی سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ محنت کا صلہ ضرور ملتا ہے۔