(اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کیلئے انٹرویوز مکمل کر لیے گئے، سرچ کمیٹی نے پانچ ناموں کو ابتدائی طور پر فائنل کر لیا۔
پنجاب یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کے لیے 102 امیدواروں میں سے 40 کے انٹرویوز لیے گئے ہیں۔ سرچ کمیٹی کی جانب سے رات گئے تک پروفیسر اقرار حسن سابق وی سی، ڈاکٹر زکریا ذاکر سابق وی سی، ڈاکٹر منصور سرور، ڈاکٹر فضل خالد اور ڈاکٹر رؤف اعظم کے نام پر بحث جاری رہی۔ آج تین ناموں پر مشتمل امیدواروں کی سمری وزیر اعلی کو بھیجی جائے گی۔ جن میں سے کسی ایک کو وائس چانسلر کے لیے نامزد کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اقرار حسین کا نام انٹرویو کی فہرست میں آخری وقت میں شامل کیا گیا جبکہ انہوں نے درخواست بھی مقررہ وقت کے بعد جمع کرائی۔ ڈاکٹر اقرار حسن زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں آٹھ سال تک وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔