باسم سلطان: عید الفطر کی آمد کے پیش نظر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے صفائی ورکرز اور افسران شہر بھر میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔ سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ایک نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اتوار کے روز بھی تینوں شفٹوں میں صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
ایل ڈبلیو ایم سی نے عید کے دوران بس اسٹینڈز، لاری اڈوں، کمرشل مارکیٹس اور عوامی رش کے مقامات پر اضافی عملہ تعینات کر دیا ہے تاکہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی کمی نہ ہو۔
عید الفطر پر شہر میں صفائی کے بہترین انتظامات کے لیے 15 ہزار ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے، جن میں 1400 سے زائد گاڑیاں بھی تینوں شفٹوں میں کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، عید گاہوں، جامع مساجد اور قبرستانوں جانے والے راستوں پر صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے، اور 1500 جامع مساجد، 268 قبرستانوں اور 197 کمرشل مارکیٹس میں صفائی کی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے صفائی آپریشن کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جس میں صفائی سے متعلق شکایات اور تجاویز کے لیے شہری ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔