سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ ہدایت آج وزیراعظم ہاوس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے امور کے حوالے سے اجلاس میں کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بنائی گئی پالیسیوں اور پروجیکٹس پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اور ماحول کی تباہی میں سب سے کم حصہ ڈالنے والے ممالک میں شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع اور مؤثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی زراعت، توانائی، پانی، انفراسٹرکچر اور کئی دیگر شعبوں کے ساتھ منسلک ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے اور ایک جماع رپورٹ مرتب کر کے جلد انہیں پیش کی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد چیمہ، متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران اور شعبہ ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین شامل تھے۔