روزینہ علی : نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ ماریہ کے وحشیانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہےکہ بے گناہ عورت کے ساتھ گھناؤنے عمل اور اس کے غیر انسانی قتل کا سن کر دل شدید رنجیدہ ہے۔
سینیٹر شیر ی رحمان ٹوبہ ٹیک سنگھ واقعہ کے بارے میں کہنا ہے کہ بھائی اور والد کے ہاتھوں ماریہ کا وحشیانہ قتل بنیادی انسانی حقوق، ہماری روایات اور عورتوں کے وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے،سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وحشیانہ ویڈیو نے مجموعی طور پر ہمارے معاشرے کا سر شرم سے جھکا دیا ہے،اس خوفناک نوعیت کے واقعہ کونظرانداز نہ کیا جائے۔
انہوں نےاس قتل کی شفاف تحقیقات کرکے تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے،غیر انسانی سلوک اور تشدد کی ایسی کارروائیوں کی کسی بھی مہذب معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے،لہذا ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دل ماریہ اور اس طرح کے ظلم کا شکار ہونے والی تمام متاثرہ خواتین کے لیے دکھتے ہیں،22 سالہ نہتی اور بیگناہ ماریہ تو قتل ہو گئی لیکن اب اس کے ساتھ انصاف کیا جائے، اس کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔