کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج

30 Mar, 2024 | 11:52 AM

سٹی42: کسان کارڈ پر میاں محمد نوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ، درخواست گزار نے موقف دیا کہ ذاتی تشہیر کیلئے حکومتی فنڈز کا استعمال غیر قانونی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہری مشکورحسین نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں پنجاب حکومت کو بذریعہ چیف سیکرٹری، وزیراعلی کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری، وزرات اطلاعات کو بذریعہ سیکرٹری اور میاں نواز شریف کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کا نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ کا منصوبہ ہے، ذاتی تشہیر کیلئے حکومتی فنڈز کا استعمال غیرقانونی ہے۔

دائر کی گئی درخواست میں کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کا اقدام کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، مزید استدعا کی گئی ہے کہ کسان کارڈ پر خرچ ہونیوالے حکومتی فنڈز نواز شریف سے وصول کیے جائیں اور کیس کی حتمی فیصلے تک نوازشریف کی تصویر والے کسان کارڈ کے فنڈ اور تشہیر روکنے کا حکم دیا جائے۔

مزیدخبریں