ویب ڈیسک : عیدالفطر سے قبل پاکستانیوں پر ’پٹرول بم‘گرائے جانے کا امکان ہے۔ اگلے 15 روز کے لیے تقریباً 10 سے 11 روپے فی لیٹر تک اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ درآمدی پریمیم اور عالمی قیمتوں میں اضافہ ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔
انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 15 روز قبل حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، پیٹرول کی موجودہ قیمت تقریباً 280 روپے فی لیٹر ہے، متوقع اضافے کے بعد اس کی قیمت 290 روپے فی لیٹر سے اوپر تک جا سکتی ہے۔
وزارت خزانہ کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ عالمی سیاسی صورتحال کی وجہ سے پٹرول کی درآمدی قیمت میں تقریباً 4 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی درآمد پر پریمیم 13.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے جوکہ 12.15 ڈالر فی بیرل تھا، نتیجتاً حتمی شرح مبادلہ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 سے 11 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
قیمتوں کے حساب کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پٹرول کی قیمت تقریباً 4 ڈالر فی بیرل بڑھ کر 94.5 ڈالر ہو گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً 60 سینٹ فی بیرل کم ہو کر 98.4 ڈالر ہو گئی۔
یاد رہے کہ 15 روز قبل حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت 279.75 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھنے اور ڈیزل کی قیمت میں 1.77 روپے فی لیٹر کمی کرکے 285.56 روپے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔