سٹی42: مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخل ہوتے ہی لاہور سمیت ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔
رات گئے شہر لاہور میں وقفہ وقفہ سے بارش برسنے کا سلسلہ شروع ،بارش کے باعث ہوا کی خنکی میں اضافہ ہوا وہیں ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چلنے کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ۔ محکہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ فضائی آلودگی میں نمایاں کمی محسوس کی گئی ہے۔ 56ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ لاہور دنیا میں 53 نمبر پر آگیا ہے۔ بادل ٹاون شپ، نشتر، ماڈل ٹاون، گلبرگ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، مغل پورہ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ، کچا جیل روڈ، جیل روڈ ، اچھرہ، رحمان پورہ سمیت مختلف علاقوں میں برسے۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی رات گئے بادل برس پڑے، رحیم یار خان شہر اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ پنجاب میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، بارش کی وجہ سے گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
مغربی ہواؤں کی وجہ سے بلوچستان میں کوئٹہ، بارکھان، لورالائی، ژوب، نوشکی، مستونگ اور ہرنائی سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سبی اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے باعث موسم انتہائی یخ بستہ ہو گیا۔
بلوچستان کے علاوہ پشاور، خیبر، لنڈی کوتل سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے جبکہ پشاور اور خیبر میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، پارہ چنار، صدہ و گرد و نواح میں مسلسل کئی گھنٹوں تک موسلا دھار بارش جاری رہی، شدید بارشوں کے نتیجے میں پاک افغان شاہراہ سیلابی ریلے کی وجہ سے بند ہو گئی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین خان گنڈاپور نے بارشوں کے باعث صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے پیشگی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہئیں۔کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں ممکنہ طور پر بند ہونے والی سڑکوں کو بروقت کھولنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا مربوط نظام وضع کیا جائے۔