صدر آصف زرداری سے فلسطین اور ایران کے سفیروں کی ملاقاتیں

30 Mar, 2024 | 01:27 AM

سٹی42:  صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران اور فلسطین کے سفیروں نے ایوان صدر میں ملاقاتیں کی ہیں۔ ایرانی سفیر نے پاکستان کو چا بہار بندرگاہ کو تجارت کے لئے استعمال کرنے کی پیشکس کی جبکہ صدر زرداری نے ایران سے بارٹر ٹریڈ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر آصف زرداری نے  فلسطینی سفیر کو پاکستان کی جانب سے مزید امداد کا یقین دلایا۔ 

اسلام آباد میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے صدر مملکت سے ملاقات میں انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

صدر آصف زرداری نے ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مفاد میں بارٹر تجارتی اور اقتصادی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے،  دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ صدر آصف زرداری نے  دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے  دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران -پاکستان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم، بینکنگ تعاون اور فضائی اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان چابہار-زاہدان ریل روڈ سے وسطی ایشیا، یورپ اور ترکی کے ساتھ تجارت کیلئے مستفید ہوسکتا ہے۔ امید ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاک ایران تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔  ایران کے سفیر نے ایران کے  صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے صدر ِپاکستان کیلئے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

فلسطین کے سفیر کی صدر آصف زرداری سے ملاقات

پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے بھی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

فلسطینی سفیر نے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم  اور دہشت گردی پر روشنی ڈالی۔

صدر آصف  علی زرداری نے فلسطین کے سفیر کو  یقین دلایا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا ، ہر فورم پر آواز بلند کرے گا، 

فلسطینی عوام بہادر ہیں ، اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کر رہے ہیں ۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے کوششیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت مزید امدادی سامان بھیجے گا۔

 فلسطینی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی مدد کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ  50,000 سے زائد فلسطینی طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں سے مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکےہیں۔

فلسطینی سفیر نے صدر  آصف زرداری کو فلسطین کے صدرمحمود عباس کا سلام پہنچایا اور  فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت اور یکجہتی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا

مزیدخبریں