ویب ڈیسک: سابق ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر بیربل لیاری ایکسپریس وے کے قریب قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے، واقعے میں ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراة العین زخمی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر بیربل ڈیڑھ برس قبل ریٹائرڈ ہوئے تھے،مقتول ڈاکٹر بیربل نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ساتھ ڈاکٹر ان پبلک ہیلتھ کی ڈگری بھی حاصل کی تھی،ذرائع کے مطابق مقتول سابق سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر بیریل رنچھوڑ لائن میں اپنا پرائیویٹ کلینک چلا رہے تھے،مقتول کو کلینک آتے ہوئے نشانہ بنایا گیا
کراچی لیاری ایکسپریس وے کے قریب ڈاکٹر بیربل گینانی کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ پر پولیس حدود کے تنازع میں الجھ گئی ،گارڈن اور سولجر بازار پولیس کی حدود میں معاملے میں تکرار ہوئی، فائرنگ کا واقعہ گارڈن کے قریب پیش آیا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر بیربل کو ٹارگٹ کیا گیا،ان کاکہناتھا کہ وجہ ابھی نہیں معلوم ہو سکی، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا،خاتون ان کے ساتھ ہی سوار تھیں جوکہ ان کے ساتھ کام کرتی ہیں،خاتون کے مطابق اچانک فائرنگ ہوئی انھیں کچھ سمجھ نہیں آیا،گاڑی پر بظاہر صرف ایک گولی کا نشان ہے،پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ،زخمی خاتون کا باقاعدہ بیان قلمبند کیا جارہا ہے۔
ایس ایس پی سٹی کاکہناتھا کہ ڈاکٹر بیربل رنچھوڑ لائن میں اپنے کلینک سے نکلے تھے،وہ روزانہ اسی راستے سے آتے جاتے تھے۔