(مانیٹرنگ ڈیسک) نمبر گیم کی جنگ جاری، حکومتی ٹیم نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے جہانگیر ترین گروپ کو اہم وزارتوں کی آفر کر دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عون چودھری سے فون پر رابطہ کیا، حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے حکومتی فیصلوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کے مطالبات تسلیم ہو چکے، اب پارٹی اقدامات کی حمایت کریں اور اہم وزارتیں بھی دی جائیں گی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ دیگر تحفظات کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا۔
دوسری جانب چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے بھی عون چودھری کا 24 گھنٹے میں دوسری بار ٹیلی فونک رابطہ ہوا، ٹیلی فونک رابطے میں بات چیت ہوئی کہ وزیر اعلیٰ کے منصب کے لیے ترین گروپ چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کرے، ترین گروپ کے رہنما نے پرویز الٰہی کو فون پر بتایا کہ جہانگیر ترین جو فیصلہ کریں گے وہی گروپ کا فیصلہ ہو گااور کل تک فائنل فیصلہ کر لیا جائےگا۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ سے رابطہ کر کے پنجاب میں تعاون مانگ لیا ہے۔مسلم لیگ (ن)کی جانب سے جہانگیر ترین گروپ کو سیاسی تعاون کے تمام امور پر تعاون کا عندیہ دے دیا گیا ۔
دوسری جانب ترین گروپ کے رکن عون چوہدری نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ نامزد کیے جانے پر مبارکباد دی، عون چوہدری نے پرویز الٰہی کو فون کرکے وزیراعلیٰ نامزدکیے جانے پر مبارکباد دی۔