ایم کیو ایم کے اپوزیشن کے ساتھ معاملات طے، حتمی اعلان آج ہوگا

30 Mar, 2022 | 09:33 AM

ویب ڈیسک: متحدہ اپوزیشن نےتحریک عدم اعتماد سے پہلےرات گئے حکومت کو بڑا سرپرائز دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی ایم کیوایم نے عمران خان حکومت کو چھوڑنے کیلئے اپوزیشن کیساتھ معاہدہ طے کر لیا۔اس کے بعد عمران حکومت کی قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد164اور متحدہ اپوزیشن کو 177ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی۔اس طرح قومی اسمبلی کے ایوان میں حکومت کی اکثریت ختم ہو گئی۔ ،تحریک عدم اعتماد میں اب پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب متحدہ اپوزیشن کے رہنما آصف علی زرداری،بلاول بھٹو،شہباز شریف ،مولانا فضل الرحمان اوردیگر نے پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم کے رہنماﺅ ں سے ملاقات کی اور معاملات کو آخری شکل دی۔ پارلیمنٹ لاجز میں طویل مذاکرات میں ڈرافٹ تیارکیاگیا۔معاہدے کے ڈرافٹ پر ایم کیوایم پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے رہنماوں کے دستخط ہوگئے ہیں اور اب ایم کیوایم تحریک عدم اعتماد میں میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ووٹ دے گی ، دونوں وفود آج شام 4بجے پریس کانفرنس کریں گے.

جبکہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا۔ذرائع کے مطابق کنوینئر خالد مقبول صدیقی اجلاس کی صدارت کریں گے، کراچی میں موجود رابطہ کمیٹی کے اراکین کو بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے ساتھ معاہدے کو توثیق کیلئے پیش کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کے مطابق اپوزیشن کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پربحث 31مارچ کو ہو گی، آئین کے تحت رائے شماری ، تحریک پیش ہونےکے تین دن بعد اور 7 دن سے پہلے کرانا ضروری ہے۔

مزیدخبریں