وزیراعظم نےنریندر مودی کو جوابی خط میں کیا لکھا؟تفصیلات سامنے آگئیں

30 Mar, 2021 | 07:51 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)کورونا کا شکار وزیراعظم عمران خان کو چند روز قبل بھارتی وزیراعظم مودی کا خط موصول ہواتھا جس میں  نریندر مودی ان سے صحت کا حال احوال پوچھا اور اس کی صحت یابی کے لئے دعا کی تھی، اب وزیراعظم عمران خان نے جوابی خط مودی کو بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جوابی خط ارسال کردیا، وزیراعظم نے یوم پاکستان پر مبارکباد پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ خط میں موقف اختیار کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لئے جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے، تعمیری اور نتیجہ خیزا مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیداکرنا ضروری ہے، کوویڈ-19کے خلاف بھارت کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ کورونا کا شکارہونے پر وزیرعظم عمران خان کو بھارتی وزیراعظم مودی نے خط لکھا تھا،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھاکہ پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔مودی نے خط میں کورونا وبا سے نمٹنے کےلیے وزیراعظم اور  پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے بھی پاکستانی ہم منصب  کے لیے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغامات بھیجے تھے، علاوہ ازیں دفتر خارجہ کی جانب سے  بھارتی وزیراعظم اور صدر کے تہنیتی پیغامات کی تصدیق کی گئی ہے۔

مزیدخبریں