( اکمل سومرو ) پنجاب یونیورسٹی کا آن لائن کلاسز جاری رکھنے کا فیصلہ، اساتذہ شیڈول کے مطابق کلاسز پڑھانےکے پاپند ہوں گے، یونیورسٹی مڈٹرم اور فائنل ٹرم امتحانات کا بھی انعقاد کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کی زیر صدارت ڈینز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں طلباء کے تعلیمی نقصان کو روکنے کیلئے آن لائن کلاسز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق شیڈول کے مطابق اساتذہ آن لائن کلاسز پڑھائیں گے۔ طلباء کی حاضری کا ریکارڈ بھی رکھا جائے گا۔
مراسلےمیں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کلاسز کے ساتھ طلباء کو اسائنمنٹ بھی مہیا کریں، تمام کلیات کے ڈینز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ شعبہ جات کے سربراہوں سے اس مراسلے پر سختی سے عمل درآمد کرائیں جبکہ مڈٹرم اور فائنل ٹرم امتحانات کے انعقاد کیلئے شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔