’’رمضان بازاروں میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیا فراہم کریں گے‘‘

30 Mar, 2019 | 06:58 PM

Arslan Sheikh

( شہزاد خان ) رمضان بازاروں میں عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کیلئے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال متحرک ہوگئے، لاہور چیمبر میں میاں اسلم اقبال نے فلورز ملز مالکان سے اہم ملاقات کی، صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر میں پچاس جبکہ صوبہ بھر میں تین سو سے زائد رمضان بازاروں میں عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کریں گے۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے لاہور چیمبر میں فلوز ملز مالکان سے ملاقات کی اور رمضان بازاروں میں آٹا سستے داموں فراہم کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔ صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ شوگر ملز، اکبری منڈی، فلورز ملز اور گھی ملز مالکان سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران لاہور میں پچاس رمضان بازار لگا کر عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں یوٹیلٹی سٹورز کو بھی رمضان بازار میں شامل کیا جائے گا۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے 9 ارب روپے آٹے کے نام نہاد ریلیف پر جھونک کر اپنوں کو نوازا، لوگوں نے بھینسوں کو چوکر کی بجائے آٹا کھلایا اور پینتالیس کروڑ ٹینٹوں، صوفوں اور دیگر ذاتی تشہیر پر خرچ کردیئے گئے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اب تحریک انصاف کی حکومت شہباز شریف کی طرح شعبدہ بازی میں عوام کے ٹیکس کا پیسہ خرچ نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران کسی مل کو زبردستی بند نہیں کرایا جائے گا۔

مزیدخبریں