(محمدساجد)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نامور سینیئر اداکار راشد محمود کی گذشتہ روز ایک ویڈیو سامنےآئی جس میں وہ زیادہ بل آنے پر حکومت پر پھٹ پڑے، ابھی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں سینیئر اداکار اور عظمیٰ بخاری آمنے سامنے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی یہ ویڈیو کافی وائرل ہورہی ہے ، نجی نیوز چینل کے رپورٹر نے عظمیٰ بخاری سے سوال کرتے کہا سینیئر اداکار راشد محمود کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہوں نے بلوں کے بارے بات کی، تو عظمیٰ بخاری یہ کہتے ہوئے آگے چلی گئیں کہ ’’میں ان کا کیا کروں سب کو ہی بل زیادہ آئے ہیں‘‘
عظمی بخاری کے جانے کے بعد راشد محمود نے کہا پورا قوم کا المیہ ہے ایک دن میں حل نہیں ہوسکتا، پتہ نہیں ہوتا بھی ہے یا نہیں ہوتا؟ سینیئر اداکار نے کہا جس پر میں نے احتجاج کیا وہ 45 ہزار 6 سو 38 روپے کا بل ہے آج بھرا ہے اور کام میرے ملک میں ہے نہیں۔اس کے ذمہ دار ارباب اختیار ہیں جو بغیر سوچے سمجھے بڑھا چلے جارہے ہیں۔
اداکار راشد محمود نے کہا اُن کا احتساب کیا جائے جو یہ سب کچھ کررہے ہیں، ہماری زندگی آپ نے عذاب کردی، آج محسوس ہوتا ہے جب 45،46 برس پہلے وائس آف امریکہ سے جاب کی آفر ہوئی تھی تو مجھے وہاں چلے جانا چاہیے تھا، مگر میں نہیں گیا،میرے والد نے مجھے کہا کیوں نہیں گئے تو انہیں بتایا تھا کہ مجھے شناخت اپنی زمین پر چاہیے۔
رپورٹر نے سوال کیا! مزہ آرہا ہے شںاخت کا اس بڑھاپے میں؟ سینیئر اداکار نے کہا کوئی بات نہیں، اللہ کے ہاں مجھے جنت میں کارنر پلاٹ ملے گا!