(عابد چوہدری) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم میں پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلرز اور اسمگلرز کے ٹھکانوں پر پولیس نے کریک ڈاؤن میں تیزی کردی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایک روز میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 289 چھاپے مارے گئے، مکروہ دھندے میں ملوث 141 ملزمان گرفتار جبکہ 135 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملزمان سے 50 کلو گرام چرس ، 1 کلو ہیروئن ، آدھا کلو آئس اور 1563 لٹرز شراب برآمد کی گئی ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی کی ہدایت دی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہاٹ اسپاٹ ایریاز اور آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی جائے، تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گرد و نواح میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں بھی تیزی لائی جائے۔ اُن کامزید کہنا تھا کہ منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں۔
یاد رہے کہ 26فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران اب تک پولیس ٹیم 33572 چھاپے مار چکی ہے جن میں منشیات فروشی میں ملوث 16 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار جبکہ 15693 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 9366 کلو گرام چرس، 162 کلو گرام ہیروئن، 269 کلو افیون کے ساتھ 45کلو سے زائد آئس اور 16 لاکھ 77 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔